Tuesday, 5 February 2019

شوهر كي رضامندي كے بغير عدالتي خلع شرعا معتبر نهيں هے۔ مهر لڑكي كا حق هے ۔نافرمان بيوي خرچه لينے كي حقدار نهيں هے



اَلسَلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اَللهِ وَبَرَكاتُهُ
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام صاحبان مندرجہ زیل مسائل کے بارے میں
”میری بیوی زینب بی بی بنت نواب خان نے مجھ سے زبردستی اور میری اجازت اور رضامندی کے بغیر 20 ماہ تک اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے کہنے ان ہی کے گھروں پر بیٹھی رہی۔
میری بیوی نے مجھے 20 ماہ تک حقوق زوجیت جیسی عظیم نعمت سے محروم رکھا اور 20 ماہ تک اس نے میری نافرمانی کی۔
 پھر  20 ماہ کے بعدمیری بیوی نے مجھ سے عدالت میں خلع لینٕے کے لیے مقدمہ دائر کیا۔ اور مجھ پر خودساختہ اور من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگائے کہ جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ میری بیوی نے عدالت میں یہ جھوٹا بیان بھی دیا کہ مجھے میرے شوہر نے میرا حق مہر بھی ادا نہیں کیا۔ جب کہ میں نے بیوی کو تین تولے سونے کی مد میں اس کا حق مہر ادا کیا تھا اور یہ بات میرے نکاح نامہ سے بی ثابت تھی۔اور ابھی تک میرا حق مہر میری بیوی کے پاس پڑا ہوا ہے۔
میں عدالت میں حاضر ہوا ااور حلفیہ بیان دیکر کر انکے تمام الزامات کو کمرہ عدالت میں رد کیا۔اور پرزور الفاظ میں اسکی مزمت بھی کی۔ میں نے عدالت کو دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ میں اپنی بیوی کو اپنانا چاہتا ہوں اسکو اپنے گھر میں رکھنا چاہتا ہوں اور میں اپنی زندگی میں کسی بھی صورت اور قیمت پراپنی بیوی کو طلاق یا خلع نہیں دونگا۔
لیکن عدلت نے میری بیوی کے الزامات کو جواز بنا کر میری اجازت اور رضامندی کے بغیر، میری موجودگی میں اور وہ بھی بغیر کسی شرعی سبب اور عزر کے اور وہ بھی بغیر کسی گواہان کے میری بیوی کو یک طرفہ عدالتی خلع کی ڈگری جاری کر دی کی اب تم اپنے شوہر سے آزاد ہو اور کسی بھی جگہ شادی کر سکتی ہوں“
 (1)کیا شرعی طور پر میری بیوی کو یہ خلع ہو گیا؟ اور میری بیوی اب میرے نکاح میں نہیں رہی؟
(2) کیا میری بیوی اب اس یک طرف عدالتی خلع کو جواز بنا کر کسی دوسری جگہ شادی کر سکتی ہے؟یعنی نکاح پر نکاح کر سکتی ہے؟
(3)میری بیوی نے جو جبراً میرا حق مہر اپنے پاس رکھا ہوا ہے شریعی طور کیا یہ میری بیوی کے لیے حلال ہے جبکہ میں کسی صورت میں بھی انہی بیوی کا حق مہر نہیں لینا چاہتا۔
(4)میری بیوی جو مجھ سے زبردستی 20 ماہ تک اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے گھر پر بیٹھی ہوئی تھی عدالت نے مجھے 60 ہزار روپے نان ونفقہ کی مد میں اپنی بیوی کو ادا کرنے کو کہا جو میں نے ادا بھی کیے۔کیا میری بیوی کے لیے یہ 60 ہزار روپے کی نان ونفقہ کی رقم جائز اور حلال ہے؟
(5)اب میری بیوی کو اسکی بڑی بہن نے راولپنڈی میں اپنے گھر میں پناہ دی ہے اور میری بیوی کے لیے رشتے ڈونڈ رہی ہے۔ شریعت میری بیوی کی اس بڑی بہن کے بارے کی کیا فرماتی ہے کہ جس نے میری بیوی کو اپنے گھر میں پناہ دیکر میری بیوی کو مجھ سے جدا کر اپنے گھر پر رکھا ہوا ہے اور اس عورت کے لیے یعنی میری بیوی کی اس بڑی بہن کے لیے کیا عذاب اور سزا ہے؟
 جزاك اللهُ
فضل ربی سائٹ میٹروول کراچی



بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
 الجواب حامداً و مصلیاً
 مفتی غیب نہیں جانتا ،بلکہ وہ سوال کے مطابق جواب دیتا ہے۔ سوال کے سچ یا جھوٹ ہونے کی ذمہ داری سائل پر ہوتی ہے۔ غلط بیانی کرکے اپنے مطلب کا فتویٰ حاصل کرنے سے حرام ، حلال نہیں ہوتا اور نہ حلال ، حرام ہوتا ہے،لہذا اگر کوئی غلط بیانی کے ذریعہ فتویٰ حاصل کرے گا تو اس کا وبال اسی پر ہوگا۔
اس تمہید کے بعد  آپ کے سوالوں کا جواب یہ ہے کہ
1۔۔۔خلع ایک ایسا عقد ہے جسکا تحقق میاں بیوی  کی رضامندی کے بغیر  نہیں ہوسکتا ۔خاوند کی رضامندی کے بغیر عدالت شرعاً   خلع کو خاوند پر مسلط نہیں کر سکتی ہے  اور اگر عدالت نے ایسا کر بھی دیا ہے  یا کردیتی ہے تو  عورت خاوند کے نکاح سے خارج نہیں ہوگی۔
          لہذا سوال میں  بیان کردہ  صورت حال کے  مطابق  آپ عدالت میں حاضر   ہوکر اور خلع قبول کرنے  سے انکار کے باجود یہ  آپ کی بیوی کو خلع کی ڈگری دی گئی ہے تو یہ خلع شرعاً  صحیح نہیں  ہوا ہے   اور اِس صورت میں  اب بھی آپ دونوں کا نکاح برقرار ہے۔
وفی الدر المختار مع حاشية ابن عابدين (رد المحتار)(3/441)
وأما ركنه فهو كما في البدائع: إذا كان بعوض الإيجاب والقبول لأنه عقد على الطلاق بعوض، فلا تقع الفرقة، ولا يستحق العوض بدون القبول۔
و في تبيين الحقائق : (2/271)
ولا بد من قبولها ؛ لأنه عقد معاوضة أو تعليق بشرط فلا تنعقد المعاوضة بدون القبول ۔۔۔إذ لا ولاية لأحدهما في إلزام صاحبه بدون رضاه۔
و في المبسوط للسرخسي : (6/171)
فَيَحْتَمِلُ الْفَسْخَ بِالتَّرَاضِي أَيْضًا، وَذَلِكَ بِالْخُلْعِ، وَاعْتَبَرَ هَذِهِ الْمُعَاوَضَةَ الْمُحْتَمِلَةَ لِلْفَسْخِ بِالْبَيْعِ وَالشِّرَاءِ فِي جَوَازِ فَسْخِهَا بِالتَّرَاضِي
2۔۔۔شرعی اصول کے مطابق ایک مرتبہ نکاح صحیح ہو گیا تو جب تک شوہر کا انتقال نہ ہو جائے یا شوہر طلاق نہ دے اور اس کی عدت نہ ختم ہو جائے اس منکوحہ کا دوسری جگہ نکاح کرنا جائز نہیں ہے،ایسا کرنا سخت گناہ اور زنا ہے۔
 صورت مسؤلہ  میں  بیان کردہ صورت حال کے مطابق عدالت کی طرف سے دی گئی  یک طرفہ خلع کی ڈگری  کو جواز کو بناکر  دوسری جگہ شادی کرنا جائز نہیں ہے بلكه حرام  ہے۔
فتاویٰ عالمگیری نولکشور 2/10
 لا یجوز للرجل أن یتزوج زوجة غیره،
الفتاویٰ التاتار خانیة 4/66 

جاری ہے
وفی الخانیة : ولا یجوز نکاح منکوحة الغیر ومعتدة الغیر عند الکل
3۔۔۔ مہر عورت  کا شرعی حق ہے ،اور یہ کسی صورت ساقط نہیں ہوتا جب تک عورت خود معاف نہ کرے۔جبکہ صورت مسؤلہ میں  خلع  ہی صحیح نہیں ہے ، اس لیے آپ کی منکوحہ کا حق مہر اُسی کا ہے  اور اس کا استعمال اس کے لیے جائز ہے۔
وفی الدر المختار مع حاشية ابن عابدين (رد المحتار)(3/102)
ويتأكد (عند وطء أو خلوة صحت) من الزوج (أو موت أحدهما)۔
4۔۔۔          شوہر کی اجازت کے بغیر گھر سے جانی والی عورت (نافرمان  کہلاتی ہے ) جس کا   نان و نفقہ شوہر  کے ذمہ واجب نہیں ہے ۔ جب تک وہ شوہر کے پاس  واپس نہیں آتی ۔
          لہذا صورت مسؤلہ میں  آپ کی بیوی آپ کی اجازت کے بغیر  اپنے بھائیوں کے گھر گئی ہے اور اس دوران  کا خرچہ آپ سے مانگ رہی ہے تو یہ آپ پر  شرعاً لازم نہیں ہے اور نہ ہی عدالت زبردستی آپ پر  لازم کرسکتی ہے۔
و في الفتاوى الهندية :  الفصل الاول في نفقة الزوجة:(1/545)
وإن نشزت فلا نفقة لها حتى تعود إلى منزله والناشزة هي الخارجة عن منزل زوجها المانعة نفسها۔
5۔۔۔ناجائز و حرام کام میں کسی کی مدد کرنا بھی ناجائز و حرام ہے، آپ کی سالی  اگر آپ کی منکوحہ کے نا جائز نکاح میں مدد کر رہی ہے تو یہ اس  کے لیے جائز نہیں ہے  ، اسے چاہئے کہ وہ صدق دل سے توبہ کرے  ۔
        چنانچہ فرمان باری تعالیٰ ہے :
       قَالَ اللّٰهُ تَعَالیٰ وَلاَ تَعَاوَنُوا عَلَی الْاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ 
(ترجمہ) اور گناہ اور زیادتی کی باتوں میں ایک دوسرے کی اعانت مت کرو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فقط
واللہ سبحانہ وتعالیٰ اعلم بالصواب
كتبه : جلال الدين
دارالافتاء جامعہ منہاج العلوم  سنہری مسجد مانسہرہ
۳٠جمادی الاول۱۴۴۰ھ
5 فروری 2019ء
03335602069/03349140360

Labels

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...